17 جنوری ، 2013
لاہور…ینگ ڈاکٹرزنے ایک مرتبہ پھر لاہورسمیت پنجاب بھرکے سرکاری اسپتالوں کے آوٴٹ ڈورزمیں کام چھوڑ دیا۔ محکمہ صحت نے سینئراورکنٹریکٹ پر بھرتی ڈاکٹروں کے ذریعے آوٴٹ ڈورز میں مریضوں کا علاج شروع کر دیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بدھ کو ہڑتال کی کال دی اور آوٴٹ ڈورز میں کام بند کر دیا، تاہم بعض ڈاکٹرز مریضوں کا علاج کرنے پہنچ گئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق وہ ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر بٹھا کر جاتے تھے لیکن ہڑتالی ڈاکٹر کام کرنے والوں کو زبردستی آوٴٹ ڈور سے باہر نکالتے رہے۔ علاج کی غرض سے اسپتال آنے والے مریض اور ان کے عزیزواقارب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے جس سے کوئی اسپتالوں میں ہڑتال نہ کر سکے۔ دوسری طرف صوبائی حکومت نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کے دوران ممکنہ نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے اسپتالوں میں پولیس تعینات کر دی۔ پنجاب میں اسپتالوں کی آؤٹ ڈور میں ہڑتال کے حوالے سے سارا دن ینگ ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور ڈاکٹروں کی لڑائی میں وہ پس کے رہ گئے ہیں۔