11 دسمبر ، 2023
پاکستانی کرکٹر اعظم خان نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اپنے بلے پر فلسطین کا جھنڈا لگانے پر ردعمل دیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی تقریب کے موقع پر کرکٹر اعظم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں فلسطین کا لوگو لگانے پر پی سی بی کے پروٹوکول کی وجہ سے بات نہیں کرسکتا۔
انہوں نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی اچھا رہا ہے، مستقبل کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا،میرا زیادہ فوکس حال پر ہوتا ہے،میری حالیہ پرفارمنس بہترین جارہی ہے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ فٹنس دو مہینے میں نہیں آسکتی،فٹنس کے لیے چھے آٹھ مہینے لگیں گے، پی ایس ایل کے لیے بہت پرجوش ہوں،نسیم شاہ اور عماد وسیم کی ٹریڈ بہت اچھی رہی۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گا روٹی گینگ میں حسن علی کی جگہ لے لوں،اس لیے مجھے زیادہ محنت کرنی پڑے گی، پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی دنیا کے بہترین پلیئرز ہیں۔