18 جنوری ، 2013
لندن …رواں موسم سرما میں برطانیہ ،روس اور آسٹریا شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔برف باری اور ٹھنڈ نے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ لندن سمیت برسٹل اور ٹاوٴنٹ ٹن میں برف بار ی اور تیز ہواوٴں سے درجہ حرارت مسلسل گررہا ہے۔برف سے ڈھکے علاقوں میں شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے ویلز کے پہاڑی مقامات میں بھی 30 سینٹی میٹرز تک برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ادھر روسی دارالحکومت ماسکو میں دو روز میں 30 سینٹی میٹرز برف پڑچکی ہے۔شہر کی سڑکوں پر جمی برف سے ٹریفک کے نظام میں بھی خلل واقع ہوا ہے۔ شہری ادارے برف کے ڈھیر ہٹانے میں مصروف ہیں۔آسٹریا میں بھی دس برسو ں کی بدترین برف باری نے شہریوں کے معمولات متاثر کئے ہیں۔دارالحکومت ویانا میں برف سے ذرائع آمدو رفت میں خلل واقع ہوا جبکہ طبی اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔