آپ کی گاڑی میں موجود اس بٹن کا مقصد اور فائدہ جانتے ہیں؟

اس بٹن کی اہمیت جانتے ہیں / فوٹو بشکریہ mentalfloss
اس بٹن کی اہمیت جانتے ہیں / فوٹو بشکریہ mentalfloss

ہر گاڑی کے ڈیش بورڈ میں متعدد علامتیں موجود ہوتی ہیں جو تصویری زبان میں اپنا مطلب بیان کرتی ہیں۔

ان میں سے اے سی (ائیر کنڈیشنر) بٹن کو تو سب آسانی سے پہچان لیتے ہیں مگر ائیر سرکولیشن بٹن کے بارے میں ایسا نہیں کہا جاسکتا۔

اس بٹن میں ایک ننھی گاڑی بنی ہوتی ہے جس کے گرد ایک تیر گھوم رہا ہوتا ہے۔

مگر جب آپ کسی گرم دن میں گاڑی میں اے سی کو چلاتے ہیں تو پھر یہ بٹن آپ کے لیے بہت کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔

ائیر سرکولیشن بٹن کیا کرتا ہے؟

جیسا نام سے ظاہر ہے، یہ بٹن ہوا کی گردش میں مدد فراہم کرتا ہے۔

درحقیقت یہ بٹن باہری ہوا کی بجائے گاڑی کے اندر کی ہوا کو دوبارہ گردش میں لاکر قابل استعمال بناتا ہے۔

یہ اس وقت بہت زیادہ کارآمد ثابت ہوتا ہے جب آپ اے سی کو چلاتے ہیں۔

ائیر سرکولیشن فیچر کے استعمال سے ائیرکنڈیشننگ سسٹم کے لیے مسلسل باہر کی گرم ہوا کو ٹھنڈا کرکے اندر پھیلانے کے مقابلے میں پہلے سے ٹھنڈی ہوا کو گاڑی میں گردش دینا زیادہ آسان ہو جاتا ہے۔

اس سے نہ صرف گاڑی کو جلد ٹھنڈا کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ اے سی کم توانائی خرچ کرتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ کم پیٹرول خرچ کرتا ہے۔

اکثر درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ باہری ہوا میں آلودگی، دھویں یا پولن کے ذرات موجود ہوتے ہیں یا کسی بدبو دار مقام سے گزرنے پر وہ بو اے سی کے ذریعے گاڑی میں پھیل سکتی ہے، مگر ائیر سرکولیشن بٹن ان مسائل سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

آسان الفاظ میں یہ بٹن آپ کی گاڑی کو ٹھنڈا رکھنے، اسے صاف رکھنے اور ایندھن بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس بٹن کا استعمال زیادہ دورانیے کے لیے نہیں کرنا چاہیے یا اگر گاڑی میں ہیٹر استعمال کر رہے ہیں تو بھی اس کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :