04 جنوری ، 2024
پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے لیے مختلف سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار اپنی الیکشن مہم چلارہے ہیں ایسے میں خواجہ سرا نایاب علی بطور آزاد امیدوار اسلام آباد کے حلقے این اے- 46، 47 سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
جیو ڈیجیٹل کو دیے گیے خصوصی انٹرویو میں نایاب علی نے اپنی الیکشن مہم کے دوران درپیش مسائل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ لوگ خواجہ سراؤں کو بھکاری سمجھتے ہیں، الیکشن مہم کے لیے کچھ خواجہ سرا لوگوں کے پاس گئے تو انہیں یہ کہہ کربھگایا کہ جب دیکھو تنگ کرنے آجاتے ہو، جس کے جواب میں ان میں سے ایک خواجہ سرا نے کہا کہ ہم نوٹ نہیں ووٹ لینے آئے ہیں۔
انہوں نے خواجہ سراؤں کے لیے انتخابات کے روز مخصوص انتظامات نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سر ا جب ووٹ ڈالنے جاتے ہیں تو انہیں ہراساں کیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے نہ خواجہ سرا افراد کے لیے علیحدہ پولنگ بوتھ بنائے اور نہ اسٹاف کو کوئی ہدایات دی ہیں جس کی وجہ سے خواجہ سراؤں کو مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
نایاب علی نے اسلام آباد کے مسائل کا ذکر کیا اور اپنے سیاسی منشور کے بارے میں بتایا کہ میں صرف خواجہ سراں کی نمائندہ نہیں ہوں، میں اپنے حلقے کے عوام کی بھی نمائندہ ہوں، لوگ اسلام آباد کو ترقی یافتہ شہر سمجھتے ہیں لیکن یہ شہر بھی مسائل سے دوچار ہے، اسلام آباد کی عوام، نوجوان، امیر و غریب کے مسائل کو حل کرنا ہمارے منشور میں شامل ہے۔
نایاب علی نے پر امید ہوتے ہوئے کہا کہ عوام موجودہ سیاسی نظام سے تنگ آگئے ہیں وہ نئے چہروں کو موقع دینا چاہتی ہے جو انکے مسائل کو حل کریں اور انکی آواز بنیں۔
نایاب نے 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے حصہ لیا تھا اور وہ آئندہ عام انتخابات جیت کر عوام کی خدمت کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔