25 فروری ، 2012
کراچی… کراچی سے گھوٹکی تک سندھ کے مختلف ریلوے ٹریکس پر 14 دھماکے کیے گئے تاہم ٹریکس کو مرمت کے بعد بحال کردیا گیا ہے اورٹرینوں کی آمدورفت شروع ہو گئی ہے۔ صبح سویرے ہونیوالے ریلوے ٹریکس پر دھماکوں کے بعد معطل کیا گیا ریلوے ٹریفک بحال ہو گیا ہے۔ ڈی ایس ریلوے سردار احمد کے مطابق سیٹھارجہ اور گھوٹکی کے مقام پر ٹریک کی مرمت کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے۔ ڈی ایس ریلوے کراچی ظفراللہ کلوڑ نے بتایا کہ حیدرآباد ٹریک بحال ہونے کے بعد عوام ایکسپریس،ہزارہ ایکسپریس اور بزنس ایکسپریس روانہ کردی گئی ہے ۔ صبح سویرے کراچی کے قریب بن قاسم،،حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد ،لطیف آباد ، کوٹری ، نوابشاہ، پڈعیدن ،خیرپور اور گھوٹکی میں ریلوے ٹریکس پر دھماکے ہوئے جس سے مختلف مقامات پر ایک سے دو فٹ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچاتھا اورمختلف مقامات پر ٹرینوں کو روک کر ٹریکس کی مرمت شروع کردی گئی تھی ۔