15 جنوری ، 2024
کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں بچوں کو تیز موٹرسائیکل چلانے سے روکنے پر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن، خان محمد چوک کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے، مقتولین کی شناخت حسین امین اورفاروق امین کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ فائرنگ کا واقعہ دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں رونما ہوا، مقتولین خان محمد کالونی کے رہائشی اور آبائی تعلق مرادن سے تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جھگڑا بچوں کو تیز موٹر سائیکل چلانے سے منع کرنے پر ہوا، مقتولین ایک پاپڑ بنانے والے کارخانہ چلاتے تھے اورفائرنگ کا واقعہ مقتولین کے کارخانے کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق عینی شاہد کا بتانا ہے کہ جن بچوں سے جھگڑا ہوا تھا انہوں نے بڑوں کو فون کر کے بلایا اور بچوں کے فون کرنے کے کچھ دیر بعد فائرنگ ہوئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول فاروق پانچ بچوں کا باپ تھا اور مقتول حسین دو بیٹیوں کا باپ تھا۔
پولیس کا مزید بتانا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے اور گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔