Time 17 جنوری ، 2024
پاکستان

پرویز الٰہی، شاہ محمود، فواد اور حماد اظہر کی اپیلیں مسترد، الیکشن نہیں لڑسکیں گے

لاہور ہائیکورٹ نے این اے 56 سے شیخ رشید اور این اے 71 اور پی پی 46 سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے— فوٹو:فائل
لاہور ہائیکورٹ نے این اے 56 سے شیخ رشید اور این اے 71 اور پی پی 46 سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے— فوٹو:فائل

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے محفوظ فیصلے سنادیے۔

بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست خارج کردی گئی۔ عدالت نے سزایافتہ ہونے کی بنیاد پر ٹربیونل کا فیصلہ درست قرار دیا۔

عدالت نے پرویز الٰہی کے 7حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کےخلاف درخواستیں بھی خارج کردیں۔ فل بنچ نے ٹربیونل کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ بھی برقرار رکھا۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی نے این اے150، این اے 151 اور پی پی218 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں۔

فل بینچ نے فواد چوہدری اور ان کی اہلیہ حبا چوہدری کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے۔ فواد چوہدری نے این اے60 اور این اے61 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ حبا فواد نے این اے 61 اور پی پی26 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔

لاہور ہائیکورٹ نے حماد اظہر، صنم جاوید کے کاغذات بھی مسترد کردیے۔ دوسری جانب این اے 56 سے شیخ رشید اور این اے 71 اور پی پی 46 سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔

مزید خبریں :