24 جنوری ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے دھرنے کے دوران طاہر القادری سے ملاقات کرنے والی حکومتی ٹیم کو آج بلا لیا ہے۔ آئینی و قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کو عہدوں سے ہٹانا غیر آئینی ہوگا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ طاہر القادری سے ملاقات کرنے والی حکومتی ٹیم نے الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کے لیے درخواست کی تھی، الیکشن کمیشن نے حکومتی ٹیم کو آج بلالیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومتی ٹیم طاہر القادری کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر الیکشن کمیشن کو بریفنگ دے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کی زیرصدارت آئینی اور قانونی ماہرین کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کو عہدوں سے ہٹانا غیر آئینی ہوگا۔ صدر مملکت کے پاس ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا جواز نہیں ہے۔