پاکستان
24 جنوری ، 2013

نئے صوبے کے نام کاحتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا، چیئرمین پارلیمانی کمیشن

نئے صوبے کے نام کاحتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا، چیئرمین پارلیمانی کمیشن

اسلام آباد … مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ نئے صوبے کا نام بہاولپور جنوبی پنجاب ہوگا جبکہ نئے صوبوں کیلئے قائم کمیشن کے چیئرمین سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس معاملے پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ نئے صوبوں کی تشکیل کیلئے قائم پارلیمانی کمیشن کا اجلاس چیئرمین سینیٹر فرحت اللہ بابر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا جس میں بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے 14 سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے بعد سینیٹر کامل علی آغا نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نئے صوبے کیلئے ”بہاولپور جنوبی پنجاب“ کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ ق لیگ کی تجویز مانتے ہوئے میانوالی اور بھکر کو بھی نئے صوبے میں شامل کیا جارہا ہے۔ کمیشن کے چیئرمین سینیٹر فرحت اللہ بابرکا کہنا تھا کہ بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے 14 سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی نے نئے صوبے کے نام، حدود اور صوبائی دارالحکومت کے مقام کے حوالے سے تجاویز پیش کیں، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور معاملے پر بحث جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بل پر بھی بحث جاری ہے،جسے جلد حتمی شکل دے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے کے حوالے سے آئین میں 7 یا 8 ترامیم کی ضرورت ہوگی۔ اس سے قبل حکومتی رکن محمود حیات خان ٹوچی اجلاس کا بائیکاٹ کرکے چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیشن میں سیٹلرز کی بجائے جنوبی پنجاب کے حقیقی لوگوں کو نمائندگی دی جائے۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ کے رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز کا اجلاس میں احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چشمہ، تریمور اور جناح بیراج کی تقسیم قبول نہیں کی جائے گی۔ کمیشن کا آئندہ اجلاس ہفتہ کو ہوگا۔

مزید خبریں :