19 فروری ، 2024
آسٹریلوی شہر گیلونگ میں ایک بہن نے بھائی کی گلی سڑی لاش کے پاس 5 سال گزار دیے۔
ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق 70 سالہ خاتون نے گیلونگ میں واقع ایک مہنگے ترین گھر میں 5 سال ایک گلی سڑی لاش کے ساتھ گزار دیے، اس دوران مقامی افراد سمیت اعلیٰ حکام بھی معاملے کی گہرائی کو بھانپنے میں ناکام رہے۔
رپورٹ کے مطابق کچھ عرصہ قبل خاتون کو ایک غیر متعلقہ معاملے پر گرفتار کرنے کے بعد پولیس اس کے بھائی کی لاش تک پہنچنے میں کامیاب ہو سکی۔
وکٹوریہ پولیس کے مطابق خاتون کے مردہ بھائی کی فلاح و بہبود کی جانچ کرنے کے لیے پولیس نے ان کے گھر چھاپہ مارا تھا، جب انہیں اس کی لاش ملی تو خاتون کے بھائی کا جسم گل سڑ چکا تھا اور صرف ہڈیوں کا پنجرا باقی تھا۔
چھاپے کے دوران پولیس کو گھر میں چوہوں کی بہتات، گلے سڑے کھانے، انسانی فضلہ اور ہر طرف کچرے کا ڈھیر نظر ّآیا، خاتون اس عرصے کے دوران اپنے بھائی کی لاش کے پاس ہی سوتی رہی۔
خاتون کے پڑوسیوں نے بتایا کہ ہمیں شبہ تھا کہ ہم ایک خوفناک گھر کے ساتھ رہ رہے ہیں، بدبو سے ہمارے بچے بھی خوفزدہ رہتے تھے، گھر میں گندگی سے متعلق کئی برسوں تک سرکاری محکموں کو شکایت بھی کی گئی لیکن کسی نے ان خدشات پر توجہ نہ دی۔
کئی مقامی افراد کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخری بار اس شخص کو 2018 میں زندہ دیکھا تھا جبکہ پولیس کی جانب سے مردہ شخص کی موت کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے اور خاتون کو بغیر کسی الزام کے رہا کر دیا گیا ہے۔