Time 09 مارچ ، 2024
پاکستان

ہمارے پاس الیکٹورل کالج میں مطلوبہ اکثریت پوری تھی: پی ٹی آئی نے صدارتی انتخاب مسترد کردیا

آئینی عہدوں پر غیر آئینی طریقے سے براجمان ہونا آئین کی پامالی ہے: پی ٹی آئی چیئرمین— فوٹو:فائل
آئینی عہدوں پر غیر آئینی طریقے سے براجمان ہونا آئین کی پامالی ہے: پی ٹی آئی چیئرمین— فوٹو:فائل 

پاکستان تحریک انصاف نے صدارتی انتخاب مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین گوہر خان کا کہنا تھاکہ ہمارے  پاس الیکٹورل کالج میں مطلوبہ اکثریت پوری تھی، آئینی عہدوں پر غیر آئینی طریقے سے براجمان ہونا آئین کی پامالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے عہدے اہلیت اور جمہوری اقدارکے بغیر بانٹے، پہلے بھی دو خاندان ملک کے وسائل پر قابض تھے، اب یہی دو خاندان اداروں اور ان کے عہدوں پربھی قابض ہونےجارہےہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ زرداری کی جیت جمہوریت یا پارلیمان کی مضبوطی کیلئے اچھا شگون نہیں ہوگا۔

عمر ایوب نے کہا کہ آج پارلیمنٹ میں برائے نام صدارتی انتخاب ہوا، فارم 45 پر ڈاکا ڈال کر پی ٹی آئی امیدواروں کو ہرایا گیا، فارم 45 میں ہیرا پھیری کر کے شہباز شریف وزیراعظم بنے ۔

ان کا کہنا تھاکہ شہباز شریف ایوان میں اجنبی کی حیثیت رکھتے ہیں، گزشتہ روز مخصوص نشستوں پر امیدواروں نے غیر قانونی حلف لیا۔

خیال رہے کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف زرداری بھاری اکثریت سے صدر پاکستان منتخب ہوگئے اور وہ دوسری بار صدر بننے والی پہلی سول شخصیت بھی بن گئے۔

مجموعی طور پر قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے آصف زرداری 410.777 الیکٹورل ووٹ لیکر صدر پاکستان منتخب ہوئے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 180.34 الیکٹورل ووٹ حاصل کرسکے۔

آصف علی زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے اور وہ پاکستان کے 14 ویں صدر ہوں گے۔ آصف زرداری 2008 سے 2013 تک صدارتی منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :