26 فروری ، 2012
کوئٹہ … مسلم لیگ ضیاء الحق کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال تشویشناک ہے، صوبے میں موجودہ صورتحال کا کوئی بھی فوجی حل نہیں ہے اور یہاں بیرونی مداخلت کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھنے چاہئیں۔ اعجاز الحق نے یہ بات کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل کے تحت بلوچستان کی صورتحال اور دیگر مسائل پر کل جماعتی کانفرنس طلب کی ہے، اس کانفرنس میں بلوچستان کی صورتحال اور ڈرون حملوں سمیت دیگر امور پر غور کیا جائیگا۔ اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے بھی بلوچستان کے مسئلے پر کل جماعتی کانفرنس طلب کی جس پر کسی کو اعتبار نہیں جبکہ حکومت نے گزشتہ کل جماعتی کانفرنسوں اور پارلیمنٹ کی قرارداروں پر عمل نہیں کیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پیکیج سب سے بڑا جھوٹ ہے، اگر اس پر بھی عملدرآمد کیا جاتا تو یہاں کا نقشہ تبدیل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے کے عوام کا احساس محرومی دور اور انہیں وسائل پر اختیار دیا جانا چاہئے۔