دنیا
Time 01 مئی ، 2024

متحدہ عرب امارات میں آج پھر شدید بارش کی پیشگوئی، دبئی میں آن لائن اسکولنگ کا اعلان

امارات میں بدھ کی شام سے موسم غیر مستحکم رہے گا، کہیں شدید اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جو جمعرات کی دوپہر تک جاری رہے گی: خلیجی میڈیا/ فائل فوٹو
امارات میں بدھ کی شام سے موسم غیر مستحکم رہے گا، کہیں شدید اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جو جمعرات کی دوپہر تک جاری رہے گی: خلیجی میڈیا/ فائل فوٹو 

متحدہ عرب امارات میں آج پھر شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے سبب دبئی کے نجی اسکولوں میں 2 اور 3 مئی کو آن لائن اسکولنگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

خلیجی میڈیا نے پیش گوئی کی ہے کہ امارات میں بدھ کی شام سے موسم غیر مستحکم رہے گا، کہیں شدید اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہو گی جو جمعرات کی دوپہر تک جاری رہے گی جس پر دبئی پولیس نے شہریوں کو  محتاط رہنے کا کہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والے بادل ملک کے مغربی حصہ میں بننا شروع ہوں گے اور  بدھ کی رات تک یہ بڑھیں گے اور ابو ظبی کی طرف جائیں گے جبکہ جمعرات کو بادل دبئی، شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، فجیرہ اور ام القیوین پر زیادہ شدت اختیار کریں گے۔

حکام  نے بتایا کہ جمعرات کی شام سے موسم بہتر ہونا شروع ہوگا اور جمعہ اور ہفتے کو بادل چھائے رہیں گے، العین اور فجیرہ میں ہلکی سے متعدل بارش کا امکان ہے، اس دوران تیز  ہوائیں چلیں گی اور سمندر میں بھی تلاطم رہے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرد و غبار  اور  ریت اڑنے کے سبب محتاط رہیں، صورتحال سے نمٹنے اور لوگوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہنگامی ٹیمیں پوری طرح تیار ہیں۔

مزید خبریں :