30 مئی ، 2024
قومی لیگ اسپنر اسامہ میر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اسکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو براہ راست مسیج کردیا۔
سلیکٹرز و سینیئر ٹیم منیجر اسامہ میر کے عمل سے ناخوش ہیں، حامی بھرنے کے بعد لیگ کیلئے بھی این او سی جاری نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق اسپنر اسامہ میر کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان ٹیم میں انتخاب نہیں ہوا تو اسپنر نے براہ راست چیئرمین پی سی بی کو مسیج کردیا جس میں ان کا مؤقف تھا کہ انہوں نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے اسامہ میر کے مؤقف سے سلیکٹرز و سینیئر منیجر وہاب ریاض کو آگاہ کیا تو آئرلینڈ میں ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں تمام سلیکٹرز اور اسامہ میر نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ویڈیو کانفرنس میں بھی اسامہ میر نے اپنا مؤقف پیش کیا جس پر سلیکٹرز نے ان کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
تاہم اسامہ میر نے انگلینڈ میں لیگ کھیلنے کی سلیکٹرز اور وہاب ریاض سے اجازت مانگی جہاں حامی بھری گئی کہ انہیں لیگ کیلئے این او سی دے دیا جائے گا۔
البتہ اب اسامہ میر انگلینڈ تو چلے گئے لیکن تاحال انہیں این او سی نہیں دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسامہ میر کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شرکت کیلئے نو آبجیکشن سرٹیفیکٹ (این او سی) جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسامہ میر کو دو لیگز کی حد کی وجہ سے مزید این او سی نہیں دیا گیا، اسامہ میر یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2024 کے سائیکل میں دو لیگز کھیل چکے ہیں۔