جرائم

جیو نیوز کے ملازم کو سندھ اسمبلی کے قریب لوٹ لیا گیا، 15 اور تھانہ پولیس کی بیٹھے بیٹھے پھرتیاں

جیو نیوز کے ملازم کو سندھ اسمبلی کے قریب لوٹ لیا گیا، 15 اور تھانہ پولیس کی بیٹھے بیٹھے پھرتیاں
جیو نیوز کی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن شرجیل احمد صبح ڈیوٹی پر آرہے تھے کہ تین مسلح ملزمان نے ان کے ساتھ لوٹ مار کی واردات کی۔ 

جیو نیوز کی ڈیجیٹل ٹیم سے تعلق رکھنے والے کارکن شرجیل احمد خان کو تین مسلح ملزمان نے آج صبح سندھ اسمبلی کے قریب لوٹ لیا، ملزمان شرجیل سے موٹر سائیکل اور موبائل بھی چھین کر لے گئے۔

جیو نیوز کی ڈیجیٹل ٹیم کے رکن شرجیل احمد صبح لیاقت آباد سے صدر کے راستے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع جیو نیوز کے دفتر ڈیوٹی پر آرہے تھے کہ کورٹ روڈ پر سندھ اسمبلی اور سندھ ہائی کورٹ کے درمیانی روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور گن پوائنٹ پر ان کے پاس سے نقد رقم، موبائل فون اور بیگ چھین لیا، ملزمان نے جاتے ہوئے اسلحہ کے زور پر ان سے موٹر سائیکل بھی چھین لی اور فرار ہوگئے۔ 

شرجیل احمد خان کے مطابق واردات کے بعد انہوں نے مددگار 15 پولیس کو واردات کے بارے میں فوری اطلاع دی، پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ان کی مدد کرنے کی بجائے انہیں فون پر ہی رپورٹ درج کیے جانے کی اطلاع دی اور آرام باغ تھانے جاکر مزید رپورٹ درج کرانے کا مشورہ دیا۔ 

شرجیل کے مطابق وہ فوری طور پر آرام باغ تھانے پہنچے، تھانے میں ڈیوٹی پر موجود عملے نے جائے وقوعہ پر جانے یا موقع دیکھنے کیلئے جانے کی بجائے بیٹھے بیٹھے ان سے تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی۔

جیو نیوز کے ملازم کے مطابق انہوں نے آرام باغ تھانے میں تحریری درخواست میں واردات رپورٹ کردی تو پولیس افسر نے بتایا کہ فوکل پرسن آج چھٹی پر ہے لہٰذا پیر کو سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

مزید خبریں :