27 جولائی ، 2024
پشاور: کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر خارجی نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کی خفیہ کال پر قانونی کاروائی کا آغاز کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نور ولی محسود اور احمد حسین عرف غٹ حاجی کی خفیہ کال پرقانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کال کا فارنزک ٹیسٹ کروالیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ فارنزک کے مطابق فون کال میں آواز نور ولی محسود، احمد حسین عرف غٹ حاجی کی ہے، کال میں احمد حسین کو نور ولی محسود سرکاری املاک اور اسکولوں پر حملوں کا کہہ رہا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق نور ولی کی جانب سے میر علی شمالی وزیرستان میں گرلز اسکول کوآئی ای ڈی سے اڑایا گیا تھا جب کہ ٹانک سے تعلق رکھنے والے ٹیچرمیرا جان کی بھی ٹارگٹ کلنگ کی گئی تھی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی میں ملوث دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔