07 اگست ، 2024
بنگلا دیش کے برطرف میجر جنرل ضیا الاحسن کو بنگلادیش سے دبئی فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن کو طیارے سے حراست میں لےکر ڈھاکا چھاؤنی منتقل کیا گیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جارہے تھے تاہم جہاز کے ٹیک آف سے قبل جہاز کو رن وے سے واپس بلاکر انہیں گرفتار کیا گیا۔
میجر جنرل ضیا الحسن کو گزشتہ روز ان کے عہدے سے برطرف کیا گیا تھا، وہ مستعفی وزیراعظم حسینہ واجد کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔
گزشتہ روز بنگلادیش کے انٹر سروسز پبلک ریلشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ میجر جنرل ضیا الاحسن کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔
میجر جنرل ضیا الاحسن ملکی انٹیلیجنس ایجنسی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے اور یہ ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے۔
اس ایجنسی کے ذمہ ملکی صورتحال پر نظر رکھنا، اعدادو شمار جمع کرنا اور کمیونیکیشن مواد کی ریکارڈنگ شامل ہے۔
اس کے علاوہ اس ایجنسی کو ای میلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی اور فون کالز ریکارڈنگ بھی کرنے کی اجازت ہے۔