Time 12 اگست ، 2024
جرائم

ثانیہ زہرہ کی خودکشی کےکوئی شواہدنہیں ملے: پنجاب فارنزک ایجنسی کی رپورٹ

ثانیہ زہرہ کی خودکشی کےکوئی شواہدنہیں ملے: پنجاب فارنزک ایجنسی کی رپورٹ
تمام شواہد نے ثابت کر دیا کہ یہ خود کشی کا معاملہ نہیں تھا، یقینی بنائیں گے ثانیہ زہرہ کے لواحقین کو انصاف ملے، وزیر اطلاعات پنجاب/ فائل فوٹو

ملتان: پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی نے ثانیہ زہرہ کی خودکشی کی تردید کردی۔

سی پی او ملتان کے مطابق پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی نے تمام ٹیسٹ رپورٹس جمع کرادی جس میں تصدیق کی گئی ہےکہ ثانیہ کی خودکشی کےکوئی شواہدنہیں ملے جب کہ تمام ٹیسٹ اور تحقیقات ظاہرکرتی ہیں کہ یہ خودکشی کاواقعہ نہیں۔ 

فارنزک رپورٹ کے مطابق ثانیہ کی گردن میں نہ سوجن تھی اور نہ ہی پھندہ لگنےسے لمبی ہوئی، پھندےکےلیے استعمال دوپٹے پر ثانیہ کے شوہر اور ساس کا ڈی این اے میچ ہوگیا جب کہ  ثانیہ کے ناخن سے ملنے والے سیمپل کا ڈی این اے بھی شوہر سے میچ کرگیا۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا  ہےکہ ثانیہ  کےگلے میں موجود دوپٹہ موت کی وجہ نہیں بنا،گردن اورکندھے پر موجود زخم کا نشان دوپٹےکا نہیں ہے۔ 

عظمیٰ بخاری کا بیان

دوسری جانب ثانیہ زہرہ کیس پر بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کو  قتل کو خودکشی کا رنگ دیا گیا، خود کشی کے شواہد نہیں ملے، تمام شواہد نے ثابت کردیا کہ یہ خود کشی کا معاملہ نہیں تھا، یقینی بنائیں گے ثانیہ زہرہ کے لواحقین کو انصاف ملے۔ 

انہوں نے کہا کہ  اب قتل کو خود کشی کا رنگ دینے کا زمانہ نہیں رہا، فرانزک لیب موجود ہے جو اس طرح کے معاملات ٹریس کرتی ہے، اب خواتین کو قتل کر کے جرم چھپانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں :