16 اگست ، 2024
حال ہی میں پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم نے بتایا کہ اگر انہیں ایک دن کے لیے وزیر اعظم بنادیا جائے تو وہ سب سے پہلا کام کیا کریں گے۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کے متعدد انٹرویوز کیے گئے جن میں سے ایک انٹرویو حال ہی میں کیا گیا جس میں ان سے دلچسپ سوال کیا گیا۔
میزبان نے ارشد سے پوچھا کہ اگر انہیں ایک دن کے لیے وزیر اعظم بنادیا جائے تو سب سے پہلے وہ کیا کریں گے؟
جواب میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ہنسے اور پھر کہا ’میں کراچی گیا اور لوگوں کو ایک ساتھ کھڑے دیکھا تو بہت خوشی ہوئی، میں یہ ہی چاہتا ہوں اور چاہوں گا کہ پوری پاکستانی قوم اسی طرح اکٹھی ہوجائے‘۔
انہوں نے کہا ’اگر قوم متحد ہوگئی تو بہت مزہ آئے گا، جیسے لکڑی کے گٹھے کو کوئی توڑ نہیں سکتا لیکن اگر لکڑیوں کو الگ الگ کردیا جائے تو ہر کوئی توڑ لے گا، تو اگر ہماری قوم بھی ایسی ہوجائے تو یہ بہت اچھا ہوگا‘۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’یہ ہی میرا قوم کو پیغام ہے کہ بچے ، بوڑھے، جوان سب ایک ہوجائیں‘۔