21 اگست ، 2024
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف 10کارروائیاں کیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 70 کروڑ روپے کی 37 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر نائیجیریا سے آنے والے مسافر سے 7.5 کلو ویڈ، پشاور ائیرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 980 گرام آئس، کراچی ائیرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 402 گرام آئس اور لاہور ائیرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے مسافر سے 150 گرام نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق جی ٹی روڈ نوشہرہ پر 2 ملزمان سے 2.4 کلو افیون، 6 کلو ہیروئین، 1.2 کلو چرس اور 3 کلو آئس، ایم ون اسلام آباد پر 4 ملزمان سے 140 گرام افیون، 150 گرام ہیروئین، 1.2 کلو چرس اور 1.1 کلو آئس جب کہ کوئٹہ میں 2 کارروائیوں میں 4 ملزمان سے 10 کلو ہیروئین اور 2 کلو آئس برآمد ہوئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کراچی میں یونیورسٹی کے قریب سے ملزم سے 98 گرام چرس اور 20 گرام آئس برآمد ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔