28 اگست ، 2024
نئی دہلی: پیرس اولمپکس میں بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت اور میڈلز لینے میں کامیابی کے بعد بھارت میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق پیرس اولمپکس کی وجہ سے بھارت میں جیولین کی کلاسز کی تلاش میں 825 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ شوٹنگ اور آرچری کی کلاسز کی تلاش میں بھی اضافہ دیکھنےمیں آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ دہلی، کولکتہ، ممبئی، پونے، چنئی، بنگلور، حیدر آباد، احمد آباد اور پٹنا سمیت دیگر بڑے شہروں میں دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیرس اولمپکس کے بعد نیرج چوپڑا اور منو بھاکر کی وجہ سے بھارتی آبادی میں کھیلوں کا شوق بڑھنے لگا ہے اور اسی لیے ٹریننگ کلاسز کی تلاش میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر کے مطابق پسٹل شوٹنگ کی ٹریننگ کی کلاسز کی تلاش میں 282 فیصد اضافہ ہوا، رائفل شوٹنگ میں 230 فیصد، آرچری میں 193 فیصد، فینسنگ میں 162 فیصد اور ہاکی کے ٹریننگ کلاسز کی تلاش میں 81 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ کھیلوں کی مقبولیت میں یہ اضافہ 26 جولائی سے 12 اگست کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔