03 ستمبر ، 2024
واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ جنگ بندی اور مغویوں کی بحفاظت واپسی کے لیے نیتن یاہو کی کوششوں کو ناکافی قرار دیدیا۔
گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے جو بائیدن سے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں نیتن یاہو غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے جو کوششیں کررہے ہیں کیا وہ کافی ہیں؟ اس پر امریکی صدر نے ناں میں جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے اور مغویوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جو کوششیں کررہے ہیں وہ کافی نہیں ہیں۔
خبر کے مطابق رواں ہفتے نیا جنگ بندی معاہدہ پیش کرنے کے سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ ہم اس کے بہت قریب ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر اس ہفتے اسرائیل اور حماس کو چھوڑ کر اپنے دیگر فریقین سے مشاورت کے بعد ایک حتمی اور آخری جنگ بندی معاہدہ تجویز کریں گے جس کے لیے تاحال مشاورت جاری ہے۔