Time 16 ستمبر ، 2024
دنیا

ٹرمپ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اپنی ٹیم کو خصوصی ہدایات دی ہیں: جوبائیڈن

ٹرمپ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اپنی ٹیم کو خصوصی ہدایات دی ہیں: جوبائیڈن
ایک بیان میں جوبائیڈن نے سابق صدرکی حفاظت یقینی بنانے پرسیکرٹ سروس کی تعریف کی__فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ  ٹرمپ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اپنی ٹیم کو خصوصی ہدایات دی ہیں۔

ایک بیان میں جوبائیڈن نے سابق صدرکی حفاظت یقینی بنانے پرسیکرٹ سروس کی تعریف کی اور کہا کہ امریکا میں کسی قسم کےسیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

جو بائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ پرحملےکے الزام میں ایک مشتبہ شخص حراست میں ہے، ٹرمپ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اپنی ٹیم کو خصوصی ہدایات دی ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب فائرنگ ہوئی جہاں سابق صدر اور امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت گالف کھیل رہے تھے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فائرنگ سے محفوظ رہے جب کہ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے واقعہ کو ٹرمپ کے قتل کی کوشش قرار دے دیا۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ پر جولائی میں بھی انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ  کی گئی تھی جس سے وہ زخمی ہوئے تھے جب کہ سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا۔

مزید خبریں :