Time 17 ستمبر ، 2024
دنیا

ٹائی ٹینک کے سفر کے دوران پھٹنے والی آبدوز 'ٹائٹن' سے بھیجا گیا آخری میسج اور تصویر سامنے آگئی

جون 2023 میں سمندر میں لاپتا ہوکر تباہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن سے بھیجا گیا آخری پیغام اور ملبے کی پہلی تصویر سامنے آگئی۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ نے جہاز پر آخری لمحات کے بارے میں نئی ​​تفصیلات سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

اس بدقسمت آبدوز میں 5 مسافر سوار تھے جنہیں زیرِ آب ہونے کے باعث مواصلاتی مسائل کا سامنا تھا لیکن وہ پُرامید تھے۔ آبدوز کا رابطہ منقطع ہونے سے پہلے بھیجا گیا ٹیکسٹ میسج تقریباً ایک سال بعد سامنے آیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ رابطہ ختم ہونے سے پہلے انہوں نے اپنے آخری پیغام (ٹیکسٹ میسج) میں کہا کہ ’یہاں سب ٹھیک ہے‘۔

رپورٹ کےمطابق تباہ ہونے والی آبدوز سے مذکورہ آخری پیغام مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 47 منٹ پر بھیجا گیا تھا، جب آبدوز 3 ہزار 346 میٹر کی گہرائی میں تھی تاہم  امریکی کوسٹ گارڈز نے اس واقعے کی تحقیقات اور ایسے حادثات سے بچنے کے لیے 2 ہفتے کی انکوائری شروع کردی ہے۔

کوسٹ گارڈز کا میرین بورڈ آف انویسٹی گیشن اوشین گیٹ کے 10 سابق ملازمین اور میرین سیفٹی ماہرین سے پوچھ گچھ کرے گا۔

ملبے کی پہلی تصویر:

خبر ایجنسی کے مطابق آبدوز  ٹائٹن کا ٹوٹا ہوا حصہ شمالی بحر اوقیانوس میں نظر آیا ہے جو کئی دنوں کی تلاش کے بعد ٹائٹن کے مقام سے کئی سو گز کے فاصلے پر پایا گیا۔

ٹائی ٹینک کے سفر کے دوران پھٹنے والی آبدوز ٹائٹن سے بھیجا گیا آخری میسج اور تصویر سامنے آگئی
فوٹو: غیر ملکی میڈیا

واضح رہے کہ ٹائٹن آبدوز میں سوار پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان داؤد سمیت 5 افراد جان سے گئے تھے۔

مزید خبریں :