Time 17 ستمبر ، 2024
دنیا

ایرانی صدر نے ملک میں اخلاقی پولیس کے حوالے سے اہم بیان دے دیا

ایرانی صدر نے ملک میں اخلاقی پولیس کے حوالے سے اہم بیان دے دیا
فوٹو: رائٹرز

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کی اخلاقی پولیس ’گشتِ ارشاد‘ کے حوالے سے اہم بیان دے دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کی اخلاقی پولیس حجاب نہ لینے والی خواتین کو تنگ نہیں کرے گی۔

پیر کے روز پریس کانفرنس میں ایرانی صدر نے کہا کہ اخلاقی پولیس کو سڑکوں پر خواتین کو روکنا نہیں چاہیے۔

ایرانی صدر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جہاں ایک خاتون صحافی نے بتایا کہ انہیں پریس کانفرنس کے مقام تک پہنچنے کے لیے طویل راستہ اختیار کرنا پڑا تاکہ وہ پولیس سے بچ سکیں۔ 

برطانوی میڈیا کے مطابق خاتون صحافی نے اس انداز میں اسکارف لیا ہوا تھا جس سے ان کا سر پوری طرح ڈھکا ہوا نہیں تھا۔

اس پر ایرانی صدر کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا پولیس اب بھی سڑکوں پر ہوتی ہے تو خاتون صحافی نے جواب دیا کہ ایسا ہی ہے۔

اس پر ایرانی صدر نے کہا کہ اخلاقی پولیس کو خواتین کو نہیں روکنا چاہیے اور میں اس معاملے کو دیکھوں گا کہ وہ خواتین کو تنگ نہ کریں۔

خیال رہے کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حجاب کی پابندی کروانے والی پولیس گشت کی مخالفت کریں گے۔

مزید خبریں :