18 ستمبر ، 2024
پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے فیصل آباد میں چیمپئنز کپ کے مینٹورز اور ہیڈ کوچز سے اہم ملاقات کی جس میں کرکٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن نے زور دیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں وہی برانڈ اپنایا جائے جو انٹرنیشنل سطح پر کامیابی کے لیے درکار ہے۔
ملاقات میں ہائی پرفارمنس کوچ ڈیوڈ ریڈ اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس و چیمپئنز کپ ندیم خان بھی شریک تھے۔ گیری کرسٹن نے باہمی تعاون، معلومات کے تبادلے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران گیری کرسٹن نے مینٹورز اور ہیڈ کوچز کو اپنے تجربات کو کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کرنے کی ترغیب دی۔
انہوں نے کہا کہ انفرادی کھیل میچ جیت سکتے ہیں، لیکن سیریز اور ٹائٹلز ٹیم ورک کے ذریعے ہی حاصل ہوتے ہیں۔ کرسٹن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں بے پناہ باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں جنہیں معمولی نکھار، مہارت اور باریک بینی کی ضرورت ہے۔
گیری کرسٹن مینٹورز اور کوچز کے ساتھ مل کر مستقبل کے پلان پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کرکٹ کو مزید ترقی دی جا سکے۔
ملاقات میں گیری کرسٹن نے بتایا کہ وہ پورے چیمپئنز کپ کے دوران فیصل آباد میں قیام کریں گے تاکہ تمام میچز کو براہ راست دیکھ سکیں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں۔
ذرائع کے مطابق قومی وائٹ بال ٹیم کے کوچ نے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے جو مستقبل میں آزمانے کے لیے تیار کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کا وائٹ بال کرکٹ کا مصروف شیڈول نومبر 2024 سے اپریل 2025 تک جاری رہے گا، جس دوران پاکستان کم از کم 18 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گا۔