Time 23 ستمبر ، 2024
دنیا

دہلی کی نو منتخب وزیر اعلیٰ نےکیجریوال کی کرسی پر بیٹھنے سےکیوں انکار کیا؟

دہلی کی نو منتخب  وزیر اعلیٰ نےکیجریوال کی کرسی پر بیٹھنے سےکیوں انکار کیا؟
نو منتخب وزیراعلیٰ اتیشی مارلینا نے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی کرسی پر بیٹھنےکے بجائے الگ کرسی پر بیٹھنے کو ترجیح دی، فوٹو: بھارتی میڈیا

دہلی کی نو منتخب وزیراعلیٰ اتیشی مارلینا  نے  وزیراعلیٰ ہاؤس  پہنچ  کر  اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا مگر  انہوں نے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی کرسی پر بیٹھنےکے بجائے الگ کرسی پر بیٹھنے کو  ترجیح دی۔ 

نو منتخب وزیراعلیٰ اتیشی مارلینا کی وزیراعلیٰ آفس سے منظر عام پر آنے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  وزیراعلیٰ کی سرکاری کرسی جس پر اروند کیجریوال بیٹھا کرتے تھے خالی ہے اور  نومنتخب وزیراعلیٰ اس کے ساتھ رکھی ہوئی ایک الگ کرسی پر بیٹھی ہیں۔ 

اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے پہلے دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "یہ کرسی  (وزیراعلیٰ کی کرسی) اروند کیجریوال کی ہے اور مجھے یقین ہے اگلے سال فروری  میں ہونے والے انتخابات میں لوگ کیجریوال کو دوبارہ اپنا وزیراعلیٰ منتخب کریں گے"۔ 

دہلی کی وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اروند کیجریوال کے واپس آنے تک یہ کرسی یہی رہے گی اور ان کا انتظار کرے گی۔ 

43 سال کی اتیشی مارلینا نے ہفتے کے روز  ریاست دہلی کی آٹھویں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا اور  وہ دہلی کی تیسری خاتون وزیر اعلیٰ ہیں۔

 واضح رہے دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھارتی سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے  دو روز بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ وہ اس وقت تک وزیراعلیٰ کی کرسی پر نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام اپنا فیصلہ نہ دیں۔ 


مزید خبریں :