Time 24 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

خاتون ملازمہ کے کمرے سے خفیہ کیمرا اور نامناسب ویڈیوز برآمد، عدالتی حکم پر لاکھوں ڈالرز مل گئے

خاتون ملازمہ کے کمرے سے خفیہ کیمرا اور نامناسب ویڈیوز برآمد، عدالتی حکم پر لاکھوں ڈالرز مل گئے
اینڈریڈ کو اپنے مالک کے حوالے سے شک اس وقت پیدا ہوا جب ایسپوسیٹو بار بار نینی کے روم میں آکر اسموک ڈیٹکٹر کو تبدیل کرتا: رپورٹ/ فائل فوٹو

کولمبیا سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ خاتون ملازمہ کے کمرے سے خفیہ کیمرا اور نامناسب ویڈیوز پکڑی گئی جس پر عدالت نے اس کے مالک کو  حکم دیا کہ وہ خاتون کو بطور ہرجانہ رقم دے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کیلے اینڈریڈ نامی خاتون کو کروڑ پتی شخص مائیکل ایسپوسیٹو کے گھر ان کے 4 بچوں کی دیکھ بھال کیلئے بطور نینی ملازمت پر رکھا گیا تھا جس کے بعد سے اینڈریڈ،  ایسپوسیٹو کے گھر ان کے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھی لیکن اینڈریڈ کی ملازمت  اچانک اس وقت ختم ہو گئی جب اسے اپنے بیڈروم میں لگائے گئے اسموک ڈیٹکٹر میں ایک خفیہ کیمرہ ملا۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینڈریڈ کو  اپنے مالک کے حوالے سے شک اس وقت پیدا ہوا جب ایسپوسیٹو بار بار نینی کے روم میں آکر اسموک ڈیٹکٹر کو تبدیل کرتا یا پھر اسے ٹھیک کرتا رہتا اور  بلآخر نینی کا شک یقین میں بدل گیا جب اس نے اسموک ڈیٹکٹر کے اندر سے ایک خفیہ کیمرہ دریافت کیا۔

نینی کا بتانا ہے کہ کیمرے میں سیکڑوں ریکارڈنگز سے بھرا ایک میموری کارڈ موجود تھا جس میں نامناسب ویڈیوز بھی شامل تھیں ، اس کے بعد نینی نے اپنی حفاظت کی خاطر ایسپوسیٹو کے گھر سے بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی۔

بعد ازاں نینی نے ایسپوسیٹو کے خلاف مقدمہ دائر کردیا جس کے بعد نینی کے باس کو گرفتار کرلیا گیا۔

منہٹن کی عدالت نے ملزم کو 2 سال قید کی سزا سنائی اور ایسپوسیٹو اور ان کی اہلیہ ڈینیئل کو اینڈریڈ کو تکلیف پہنچانے کے جرم میں 27 لاکھ 80 ہزار ڈالر بطور جرمانہ دینے کا حکم دیا۔

نیو یارک پوسٹ سے گفتگو کے دوران  نینی کا کہنا تھا کہ میں ان تین سالوں میں  جس ساری صورتحال سے گزری  اس کے لیے یہ کافی نہیں کیونکہ اس نے مجھے جو نقصان پہنچایا وہ ناقابل تلافی ہے۔

مزید خبریں :