Time 24 ستمبر ، 2024
دنیا

ویڈیو: لبنانی صحافی لائیو نشریات کے دوران اسرائیلی فضائی حملے کی زد میں آگئے

لبنانی صحافی براہ راست نشریات کے دوران اسرائیلی فضائی حملے کی زد میں آگئے۔

گزشتہ شب اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کے جنوبی علاقوں پر ایک بار پھر شدید فضائی بمباری کی گئی جس کی زد میں لبنانی صحافی اور تجزیہ کار فادی بودیہ بھی آئے۔

عرب میڈیا کے مطابق مرایا انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر فادی بودیہ ایک نیوز چینل آئی نیوز  کے براہ راست پروگرام میں موجود تھے کہ اس دوران البقاع علاقے میں ان کے گھر کے نزدیک اسرائیلی فضائی حملہ ہوا۔

 عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے سے فادی بودیہ کے  گھر کو بھی نقصان پہنچا اور وہ خود بھی زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 558 ہوگئی ہے جبکہ 1835 افراد زخمی ہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق جاں بحق افراد میں 50 بچے اور 94 خواتین شامل ہیں۔

لبنان پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر 200 کے قریب راکٹ داغ دیے۔

حزب اللہ کی جانب سے شمالی علاقے کی اسرائیلی فوجی چوکیوں اور حیفہ شہر میں رافیل ڈیفنس انڈسٹری کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔


مزید خبریں :