Time 26 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

وہ منفرد خاندان جہاں چاروں بیٹیوں کی پیدائش مختلف برسوں میں ایک ہی تاریخ کو ہوئی

وہ منفرد خاندان جہاں چاروں بیٹیوں کی پیدائش مختلف برسوں میں ایک ہی تاریخ کو ہوئی
چاروں بچیوں کی پیدائش 9 برسوں کے دوران ہوئی / سوشل میڈیا فوٹو

عام طور پر کسی خاندان میں 2 افراد کی تاریخ پیدائش ایک دن ہونے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔

مگر امریکا سے تعلق رکھنے والے نک لیمرٹ اور کرسٹین لیمرٹ کے گھر میں 25 اگست بہت خاص دن ہوتا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اس تاریخ کو ان کی چاروں بیٹیوں کی سالگرہ ہوتی ہے اور ہاں یہ واضح رہے کہ چاروں کی پیدائش ایک ساتھ نہیں بلکہ مختلف برسوں میں ہوئی۔

جی ہاں واقعی گزشتہ 9 برسوں کے دوران اس جوڑے کے ہاں حیرت انگیز طور پر ایک ہی تاریخ کو 4 بیٹیوں کی پیدائش مختلف برسوں میں ہوئی۔

ساؤتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کے ہاں چوتھی بیٹی کی پیدائش 25 اگست 2024 کو اسی دن ہوئی جب اس کی 3 بڑی بہنیں سالگرہ منا رہی تھیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی کے بعد باقی تینوں بیٹیوں کی پیدائش 3، 3 سال کے وقفے سے ہوئی۔

اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ چوتھی بیٹی کی پیدائش ستمبر کے آخر میں متوقع تھی مگر اس کی پیدائش بہنوں کی سالگرہ والے دن ہوئی۔

35 سالہ کرسٹین لیمرٹ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ 'ہمیں بالکل یقین نہیں آیا، ہمیں اب بھی اس پر یقین نہیں آتا، میں اب بھی حیران ہوں'۔

وہ منفرد خاندان جہاں چاروں بیٹیوں کی پیدائش مختلف برسوں میں ایک ہی تاریخ کو ہوئی
جوڑے نے اس کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی / سوشل میڈیا فوٹو

البتہ ان کی سب سے بڑی بیٹی 9 سالہ صوفیہ کو حیرت نہیں کیونکہ وہ ہمیشہ سے ہی اس کی دعا کر رہی تھی۔

کرسٹین لیمرٹ نے کہا کہ 'میں نے صوفیہ کی ویڈیو بنائی تھی جس میں وہ کہہ رہی تھی کہ میری خواہش ہے کہ میری بہن کی پیدائش 25 اگست یا 25 ستمبر کو ہو'۔

صوفیہ نے اس بارے میں کہا کہ 'میں جانتی تھی کہ وہ دنیا میں آنے والی ہے، ہر چھوٹی بہن کی پیدائش کے موقع پر میں کہتی تھی کہ وہ 25 اگست کو دنیا میں آئے گی اور ایسا ہی ہوا، تو یہ کسی جادو جیسا ہے'۔

چاروں بچیوں کی پیدائش آپریشن کے ذریعے نہیں ہوئی اور نہ ہی اس جوڑے نے ایک ہی دن بیٹیوں کی پیدائش کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی، بالکل ایسا قدرتی طور پر ہوا۔

مزید خبریں :