Time 24 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

دنیا میں سب سے بڑے ہاتھوں اور پیروں کا مالک نوجوان

دنیا میں سب سے بڑے ہاتھوں اور پیروں کا مالک نوجوان
ایرک کلبرن جونیئر / فوٹو بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈز 

ایک امریکی نوجوان بظاہر عام لگتا ہے مگر 16 سال کی عمر میں وہ 2 عالمی ریکارڈز اپنے نام کرچکا ہے۔

امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والے ایرک کلبرن جونیئر سادہ زندگی گزار رہا ہے مگر کچھ ایسا ہے جس نے اسے دنیا کے دیگر افراد سے منفرد بنا دیا ہے۔

اور وہ ہے اس کے ہاتھوں اور پیروں کا سائز۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ایرک کلبرن کے ہاتھوں اور پیروں کا حجم دنیا کے تمام نوجوانوں سے زیادہ بڑا ہے۔

اس کے پیر 13.5 انچ کے ہیں اور وہ امریکی سائز کے مطابق 23 نمبر کے جوتے پہنتا ہے۔

اگر آپ کو علم نہ ہو تو ایک بالغ مرد کے پیروں کے جوتوں کا اوسط سائز 8 سے 9 ہوتا ہے۔

ایرک کلبرن کے ہاتھ بھی غیرمعمولی ہیں جو 9.13 انچ کے ہیں۔

اس عمر کے نوجوانوں کے ہاتھوں کا سائز محض 7.4 انچ ہوتا ہے۔

اس نوجوان کا قد بھی 6 فٹ 10 انچ کا ہے اور اس نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنے ہاتھوں اور پیروں کے غیر معمولی حجم کا اندازہ بچپن میں ہوا تھا۔

وہ بچپن سے ہی اپنے دوستوں کے مقابلے میں زیادہ لمبا تھا۔

عمر میں اضافے کے ساتھ ہاتھوں اور پیروں کے حجم میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا، جس سے روزمرہ کی زندگی پر بھی اثرات مرتب ہوئے۔

بچپن سے ہی اس کے لیے عام دکانوں سے جوتے خریدنا ممکن نہیں رہا اور اب اسے خصوصی آرڈر دیکر جوتے بنوانا پڑتے ہیں جن کی قیمت ڈیڑھ ہزار ڈالرز ہوتی ہے۔

14 سال کی عمر میں اس نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کرکے عالمی ریکارڈز اپنے نام کرنے کی کوشش کی۔

اب 2 سال بعد اس کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کرلیا گیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ لوگ اس کے ہاتھو اور پیروں کا حجم دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔

مزید خبریں :