Time 30 ستمبر ، 2024
پاکستان

میرپورخاص واقعہ: زیر تفتیش ڈی آئی جی اور 2 ایس ایس پیز سمیت 24 افراد اسٹاپ لسٹ میں شامل

میرپورخاص واقعہ:  زیر تفتیش ڈی آئی جی اور 2 ایس ایس پیز سمیت  24 افراد اسٹاپ لسٹ میں شامل
زیر تفتیش ڈی آئی جی میرپورخاص جاوید جسکانی، ایس ایس پی میرپورخاص چوہدری اسد اور ایس ایس پی عمر کوٹ آصف رضا بلوچ سمیت 24 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں— فوٹو: فائل

میرپورخاص میں توہین مذہب کے الزام میں گرفتار ملزم کی ہلاکت کے واقعے میں زیر تفتیش پولیس افسران سمیت 24 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیے گئے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پر توہین مذہب کے الزام میں گرفتار ملزم کی ہلاکت کے معاملے میں زیر تفتیش ڈی آئی جی میرپورخاص، ایس ایس پی میرپورخاص اور ایس ایس پی عمر کوٹ سمیت 24 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرلیے گئے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پر اسٹاپ لسٹ میں ایک انسپیکٹر، 4 سب انسپیکٹر اور 13 کانسٹیبلز کے نام بھی شامل ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے ایف آئی اے کو خط لکھ کر تھانہ سندھڑی میں درج مقدمہ میں نامزد اور زیر تفتیش ملزمان کو پاکستان سے بیرون ملک جانے سے روکنے کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل میرپورخاص میں توہین مذہب کے الزام میں گرفتار ملزم کو مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں معاملے سے متعلق انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں پولیس مقابلے کو جعلی قرار دیکر پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

مزید خبریں :