Time 08 اکتوبر ، 2024
دنیا

بھارت میں ریاستی انتخابات: مقبوضہ جموں وکشمیر میں کانگریس اور ہریانہ میں بی جے پی نے میدان مار لیا

بھارت میں ریاستی انتخابات: مقبوضہ جموں وکشمیر میں کانگریس اور  ہریانہ میں بی جے پی نے میدان مار لیا
ہریانہ میں بے جے پی نے لگاتار تیسری دفعہ میدان مارا ہے: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارت میں مقبوضہ جموں وکشمیر اور ہریانہ کے ریاستی انتخابات کے نتائج سامنے آگئے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ و جموں کشمیر  میں انڈین نیشنل کانگریس اور ہریانہ میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو واضح برتری حاصل ہے۔ 

رپورٹس کے مطابق ہریانہ کی تمام 90 نشستوں میں سے بے جے پی 48 نشستیں لے کر سب سے آگے ہے اور اپوزیشن جماعت کانگریس37 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ 5نشستوں پر دیگر جماعتیں اور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھی کل 90 سیٹوں پر مقابلہ تھا جن میں سے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد کو 49 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہوچکی  ہے جب کہ بی جے بی یہاں 29 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ 

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی 3 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ آزاد امیدوار اور دیگر جماعتوں نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ریاستوں میں نشستوں کی تعداد 90 اور کسی بھی جماعت یا مختلف اراکین کو مل کر حکومت بنانے کے لیے کم از کم 46 نشستیں درکار ہوں گی اور اس لحاظ سے کانگریس اتحاد جموں وکشمیر اور بے جی پی ہریانہ میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ 

واضح رہے  مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک دہائی بعد ریاستی انتخابات منعقد ہوئے ہیں جب کہ ہریانہ میں بے جے پی نے لگاتار تیسری دفعہ میدان مارا ہے۔ 


مزید خبریں :