Time 08 اکتوبر ، 2024
کھیل

اسپورٹس بورڈ نے ساف ویمن چیمپئن شپ کیلئے ویمن فٹبال ٹیم کو این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا

اسپورٹس بورڈ نے ساف ویمن چیمپئن شپ کیلئے ویمن فٹبال ٹیم کو این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا
فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو اس ماہ ہونے والی ساف ویمن چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔ 

ساف ویمن چیمپئن شپ 17 سے 30 اکتوبر تک نیپال میں منعقد ہونی ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو بھیجے گئے خط کے مطابق تاخیر سے درخواست کی وصولی اور ضروری دستاویزات پر نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین کے دستخط نہ ہونے کی وجہ سے این او سی جاری نہیں کیا گیا۔

پی ایس بی کے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ 12 ستمبر کو پی ایف ایف کو ہدایت کی یاد دہانی کرائی گئی تھی، تاہم پی ایف ایف کی جانب سے درخواست نہ بروقت ملی اور نہ ہی اس پر چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی کے دستخط تھے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کی کوتاہیوں سے پی ایس بی کے لیے درخواست کو پراسس کرنا ممکن نہیں تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ساف ویمن کپ کے لیے این او سی کی درخواست 16 ستمبر کو جمع کروائی تھی، تاہم اس درخواست پر پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے بجائے کمیٹی کے ممبر شاہد کھوکھر کے دستخط تھے۔

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے اور ٹیم کو 12 اکتوبر کو نیپال روانہ ہونا تھا تاہم این او سی نہ ملنے سے  ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی پاکستان کی فٹبال ٹیموں کو  این او سی سے متعلق  مسائل کا سامنا رہا ہے اور متعدد مرتبہ اس معاملے پر پی ایف ایف اور پی ایس بی آمنے سامنے آئے تاہم ماضی میں معاملات آخری لمحات میں حل ہوتے رہے تھے۔

مزید خبریں :