21 فروری ، 2013
اسلام آباد…قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید احتجاج کے دوران پمز اسپتال اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے بل کی منظوری دے دی گئی،اپوزیشن ارکان نے قائد اعظم کی تصاویر اٹھا کر اسپیکر کی نشست کے سامنے احتجاج کیا،ایم کیو ایم نے بھی اپوزیشن کا ساتھ دیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو مسلم لیگ ن کے حنیف عباسی نے کورم کی نشاندہی کر دی ،کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس کی کارروائی 50 منٹ تک معطل رہی،اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو وفاقی وزیر کیڈ نذر محمد گوندل نے پمز اسپتال میں ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے قیا م کا بل پیش کیا،جس کیخلاف اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا ، اسپیکر قومی اسمبلی کی نشست کے سامنے قائد اعظم کی تصویر اٹھا کر نعرے بازی کی اور دھرنا بھی دیا۔ اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے دوران ہی ایوان میں بل کی شق وار منظوری دی گئی حالانکہ اس دوران ایوان میں موجود ارکان میں اپوزیشن کی تعداد زیادہ تھی، اس کے بعد اجلاس کی کارروائی جمعہ کی صبح تک ملتوی کر دی گئی۔