Time 27 اکتوبر ، 2024
کھیل

ویڈیو : نیوزی لینڈ کیخلاف مسلسل ناکامی پر کوہلی آپے سے باہر، آئس باکس پر غصہ اتار ڈالا

بھارتی شہر پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بھی نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

دوسرے ٹیسٹ  میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہوم گراؤنڈ میں 113رنز سے شکست دی اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک بار پھر کیوی  اسپنر  مچل سینٹنر کا شکار بننے کے بعد ویرات کوہلی اپنی مایوسی اور غصے پر قابو نہ پا سکے اور ڈریسنگ روم جاتے ہوئے  سیڑھیوں پر رکھے آئس باکس پر بلا دے مارا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیو میں 12 رنز پر وکٹ گنواکر ڈریسنگ روم جاتے ویرات کوہلی کو بلا آئس باکس پر مارتے دیکھا جا سکتا ہے ۔

ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین بھی جہاں نیوزی لینڈ کیخلاف بھارتی ٹیم کی بدترین کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں وہیں کوہلی کے جارحانہ رویے پر بھی تنقید کر رہے ہیں۔

بھارت کو 12 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست 

یادرہے کہ بھارت کو 12 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 بھارت اور نیوزی لینڈ کے دوسرے ٹیسٹ میچ  میں کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کے 359 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 245 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 259 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 255 رنز بنا کر بھارت کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اس سے قبل بنگلورو میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم 46 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

مزید خبریں :