Time 02 نومبر ، 2024
دنیا

جنوبی غزہ میں جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے

جنوبی غزہ  میں جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے
اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ ایک سال سے جاری غزہ جنگ میں مجموعی طور پر780 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں،فوٹو: فائل

جنوبی غزہ  میں فلسطینی مزاحمت کاروں سے جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے تصدیق کی گئی ہےکہ ہلاک ہونے والے دونوں فوجیوں کا تعلق گیواتی بریگیڈکی شیکڈ بٹالین سے تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں شیکڈ بٹالین سے تعلق رکھنے والا ایک فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ ایک سال سے جاری  غزہ جنگ میں مجموعی طور پر780 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں ہونے والے جانی نقصان کے حوالے سے اکتوبر کا مہینہ رواں سال کا سب سے زیادہ مہلک مہینہ رہا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں جاری زمینی آپریشن میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 37 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔ غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں مجموعی طور پر 19 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایک اسرائیلی فوجی حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔ اس کے علاوہ غزہ میں ایک اسرائیلی قیدی کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں 9 اسرائیلی شہری اور 2 پولیس اہکار ہلاک ہوئے۔ ان میں سے سب سے زیادہ مہلک حملہ یکم اکتوبر کو تل ابیب کے قریب ہوا جس میں 7 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

اکتوبر میں اسرائیل پر ہونے والے ڈرون اور میزائل حملوں میں مجموعی طور پر 13 شہری ہلاک ہوئے جبکہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں 6 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ اور لبنان میں ہونے والی زمینی جنگ، ڈرون اور راکٹ حملوں اور اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں اکتوبر کے مہینے میں فوج اور پولیس کے اہلکاروں اور شہریوں سمیت 88 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

مزید خبریں :