24 فروری ، 2013
حیدر آباد …پیر مظہر الحق کے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت کے بیان پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ صوبائی وزیر تعلیم اور پی پی رہنما پیر مظہر الحق کے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت کے بیان پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ حیدرآباد میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے زونل آفس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی،جس میں شریک کارکنوں نے صوبائی وزیر پیر مظہر الحق کے خلاف نعرے لگائے۔ جامشورو میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ ٹھٹھہ میں ایم کیو ایم نے بس اسٹاپ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب پر دھرنا دیا۔ دادو پریس کلب کے سامنے بھی ایم کیو ایم نے احتجاج کیا۔ نواب شاہ، ٹنڈو الہ یار، میرپور خاص میں بھی پریس کلب کے سامنے ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ سکھر میں ایم کیو ایم زونل آفس کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب پر دھرنا دیا گیا۔ لاڑکانہ میں ایم کیو ایم کی جانب سے بینک اسکوائر سے جناح باغ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، خیرپور اور جیکب آباد میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پریس کلب پر مظاہرے کئے۔