14 نومبر ، 2024
بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے میجر عاطف خلیل اور حوالدار نور احمد شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 نومبر 2024 کو ہرنائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،جو بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر محمد حسیب کی قیادت میں سکیورٹی فورسز کو فوری طور پربھیجا گیا،سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزکی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ بم پھٹ گیاجس کے نتیجے میں 28 سال کے میجر محمد حسیب شہید ہوگئے،۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 38سال کے حوالدار نور احمد بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام کے خلاف کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
28 سالہ میجر محمد حسیب شہید نے 8 سال 6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا۔شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔
دوسری جانب 38سالہ حوالدار نور احمد شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، انہوں نے 14 سال تک وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔حوالدارنور احمد شہید کے سوگوران میں اہلیہ،3بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔
صدرآصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ضلع ہرنائی میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔