24 فروری ، 2013
کراچی … کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں فیکٹری میں آگ لگنے سے جاں بحق 17 ناقابل شناخت افراد کی نمازجنازہ بلدیہ ٹاوٴن میں ادا کردی گئی ، عدالتی حکم پر لاشوں کی تدفین کردی گئی ۔ سانحہ بلدیہ ٹاوٴن میں جاں بحق افراد میں سے 17 میتیں 11 ستمبر سے ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ میں رکھی ہوئیں تھیں ، جن کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرائے گئے تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی تھی ۔ 20 فروری کو سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر اور جسٹس ریاضت علی پر مشتمل بینچ نے لاشوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے نمبر لگاکر تدفین کا حکم دیا تھا، لاشوں کو ایدھی سرد خانے سے نماز جنازہ کیلئے منتقل کئے جانے کے وقت جاں بحق افراد کے لواحقین اور ڈپٹی کمشنر ویسٹ بھی موجود تھے، ناقابل شناخت افراد کی نماز جنازہ اکبر شہید گراوٴنڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں لواحقین کے علاوہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد، سماجی رہنما عبدالستار ایدھی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما بھی موجود تھے۔ میتوں کی تدفین کے ایم سی قبرستان بلدیہ ٹاوٴن میں کی گئی ۔