پاکستان
24 فروری ، 2013

حیدرآباد یونیورسٹی مخالف بیان:پیر مظہر کے خلاف احتجاج و مظاہرے

حیدرآباد یونیورسٹی مخالف بیان:پیر مظہر کے خلاف احتجاج و مظاہرے

حیدرآباد…حیدرآباد میں سرکاری یونیورسٹی کے قیام کے خلاف دئیے گئے صوبائی وزیر پیر مظہر الحق کے بیان کے خلاف مختلف سیاسی،مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی مظاہرے اور پریس کانفرنس کی گئی۔ صوبائی وزیر تعلیم کے بیان کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب پر امیر جماعت اسلامی حیدرآباد شیخ شوکت علی، ڈاکٹرفواد، راو مسعود علی خان اور دیگر نے پریس کانفرنس کی۔انہوں نے حیدرآباد میں جنرل یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔حیدرآباد سماجی اتحاد کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس میں کہاگیا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام سے لاکھوں طلباوطالبات کو اپنے ہی علاقے میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر آجائیگا۔پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے رہنما رانا راشد اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما ناظم علی آرائیں کا کہنا تھاکہ پیر مظہر کا بیان سندھ کو جہالت کے اندھیرے میں ڈوبنے کے مترادف ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور پیر مظہر کے بیان کی مذمت کی گئی۔اسلامی جمعیت طلباء کی جانب سے بھی یونیورسٹی کے حق میں احتجاج کیا گیا۔

مزید خبریں :