24 فروری ، 2013
نوشہرہ کلاں…مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیام امن کے لئے جو بھی کوششیں کی جائیں گی مسلم لیگ ن اس میں بھرپور شرکت کرے گی،اگر مولانافضل الرحمان نے بھی اے پی سی بلا ئی تو اس میں شرکت کریں گے۔ نوشہرہ کلاں کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ 28فروری کو مولانا فضل الرحمان کی طرف سے بلائی جانے والے آل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ ن نے شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ امن کے لئے جو بھی آگے آئے مسلم لیگ ن اس کا ساتھ دے گی،جلسے سے خطاب کر تے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے کہا کہ قیام امن کے لئے جو بھی کوشش کرے اس میں وہ بھرپور تعاون کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ رحمان ملک خواب میں بھی نواز شریف پر الزامات لگاتے ہیں۔