24 فروری ، 2013
لاہور…مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان میں ٹارگٹڈ آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے۔ لاہور میں حالی روڈ پر شہدائے کوئٹہ لاہور کانفرنس سے خطاب میں امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دہشت گردی کا راستہ نہ روکا گیا تو لاہور میں تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔ نئے آئی جی بلوچستان مشتاق سکھیرا کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ کانفرنس میں ڈاکٹر حیدر علی کی والدہ اہلیہ اور بیٹی نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود ڈومکی نے کہاہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے میں فرقہ واریت کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،چند سازشی عناصر امن و امان کو خراب کرانا چاہتے ہیں۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں چند قوتیں پْرامن ماحول کو خراب کرنیکی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان کاکہناتھا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری رکھا جائے تاکہ دیرپا امن کی بحالی ممکن ہو۔