24 فروری ، 2013
کراچی … کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں غیرقانونی طور پر آباد غیرملکیوں کے خلاف علاقہ مکینو ں نے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ الاآصف اسکوائر اور آس پاس کے دیگر رہائشی پروجیکٹس کے مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کے دوران بتایا کہ سہراب گوٹھ اور اطراف کے علاقوں میں ازبک،تاجک اور بڑی تعداد میں افغانی آباد ہیں جو دہشت گردی ،اغواء برائے تاوان اور زمینوں پر قبضہ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ یہ غیر قانونی تارکین وطن شہر میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔انھوں نے کہا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ سمیت امن وامان کی گھمبیر صورتحا ل میں بھی زیادہ تر یہ تارکین وطن ملوث ہیں۔