26 فروری ، 2013
کراچی … اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے لیے 47 ارب روپے کے پانچ سالہ عبوری بزنس پلان کی منظوری دے دی جس کے تحت قومی ائیر لائن جدید طیارے لیز پر لے سکے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔جس میں پی آئی اے کے لیے 47 ارب روپے کا عبوری بزنس پلان منظور کیاگیا۔ بزنس پلان کے تحت پی آئی اے کو حکومتی ضمانت پرساڑھے13ارب روپے نیشنل بینک دے گا اورباقی ساڑھے 33ارب روپے رواں برس جون تک ملیں گے۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ جدید طیاروں کی بیڑے میں شمولیت سے قومی ایئر لائن کی سروس میں بہتری آئے گی جب کہ ایندھن اور جہازوں کی مرمت کے اخراجات بھی کم ہو جائیں گے۔