Time 29 دسمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

تمام اسمارٹ فونز کے لیے اب صرف ایک چارجر استعمال ہوگا

تمام اسمارٹ فونز کے لیے اب صرف ایک چارجر استعمال ہوگا
یورپی یونین نے اس قانون کی منظوری اکتوبر 2022 میں دی تھی / فائل فوٹو

برسوں تک دنیا بھر میں اسمارٹ فونز میں چارجنگ کے لیے مختلف اسٹینڈرڈ استعمال ہوتے رہے ہیں، جیسے اینڈرائیڈ فونز میں مائیکرو یو ایس بی یا یو ایس بی سی پورٹ جبکہ ایپل کے آئی فونز میں لائٹننگ کنکٹرز۔

مگر اب دنیا کی تمام کمپنیوں کو ایک ہی موبائل چارجنگ پورٹ کا استعمال فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے استعمال کرنا ہوگا۔

جی ہاں واقعی 28 دسمبر سے یورپی یونین کے اس قانون کا اطلاق ہوگیا ہے جس کے تحت یورپی یونین میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کا استعمال لازمی ہوگا۔

یعنی یورپی یونین کے تمام 27 ممالک میں اب سے تمام نئے اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس، ڈیجیٹل کیمروں، ہیڈفونز، اسپیکر اور کی بورڈز کا چارجر ایک ہی قسم کا ہوگا۔

اس قانون کے تحت تمام کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ ان کی تمام نئی ڈیوائسز میں یو ایس بی سی پورٹ کا استعمال ہو۔

اب ایک چارجر سے ہی لگ بھگ تمام ڈیوائسز کو چارج کرنا ممکن ہو جائے گا۔۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے اکتوبر 2022 میں اس قانون کی منظوری دی گئی تھی۔

اس وقت یورپی یونین کی جانب سے کمپنیوں کو اس تبدیلی کو اپنانے کے لیے 2 سال سے زائد عرصے تک کی مہلت دی گئی تھی۔

ایپل وہ کمپنی ہے جس نے اس قانون پر عملدرآمد کے لیے آئی فون 15 سیریز سے یو ایس بی سی پورٹ کو متعارف کرایا تھا۔

اس کے مقابلے میں اینڈرائیڈ کے لیے پہلے ہی زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی کنکٹرز کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یورپی یونین کے اس فیصلے کے نتیجے میں اب دنیا بھر میں مختلف ڈیوائسز کے لیے ایک ہی چارجر کا استعمال ممکن ہونے والا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ کمپنیوں کے لیے صرف ایک براعظم میں اس تبدیلی پر عملدرآمد کرنا بہت مشکل ہوگا اور زیادہ آسان یہی ہے کہ دنیا بھر میں یو ایس بی سی پورٹ کا استعمال کیا جائے۔

اس فیصلے سے صرف یورپی یونین میں ہی صارفین کو سالانہ 20 کروڑ ڈالرز سے زائد کی بچت ہونے کی توقع ہے۔

اسی طرح ایک ہزار ٹن سالانہ فضلے سے بھی دنیا کو نجات ملے گی۔

مزید خبریں :