31 دسمبر ، 2024
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی نے پیر کو مینز کرکٹر آف دی ایئر کی سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کی نامزدگیوں کا اعلان کیا جس میں انگلینڈ کے 2 جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔
آئی سی سی کے مطابق مینز کرکٹر آف دی ایئر کیلئے بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس کےعلاوہ آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلئے انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ اور سری لنکا کے کمندو مینڈس کو نامزد کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کی نامزدگیوں کا بھی اعلان کیا جس میں 4 سال سے مسلسل نمبر ون رہنے والے پاکستان کے بابر اعظم کو شامل نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کیلئے افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی، سری لنکا کے کوسال مینڈس اور وانندو ہسارنگا جبکہ ویسٹ انڈیز کے رتھرفورڈ کو نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم سال 2022،2021، 2023 اور 2024 کے اختتام پر ون ڈے کے ٹاپ بیٹر رہے ہیں جبکہ سال 2022 اور 2023 میں مسلسل 2 بار آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے تھے۔