31 دسمبر ، 2024
قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے انکشاف کیا ہےکہ سابق کپتان مصباح الحق محمد عباس کو ٹیسٹ کرکٹ کھلا نےکے حق میں نہیں تھے، انضمام الحق نے عباس کو ٹیسٹ کرکٹ کھلائی۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عباس اس وقت شہ سرخیوں میں ہیں۔ سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں محمد عباس نے غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6/54 کی پرفارمنس پیش کی۔
جیو نیوز کے پروگرام "اسکور" میں سید یحییٰ حسینی سےگفتگو کرتے ہوئے سابق آف اسپنر توصیف احمد نےکہا کہ 2017 کے دورہ ویسٹ انڈیز میں سلیکشن کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 71 وکٹ کی پرفارمنس کے بعد محمد عباس کو اسکواڈ میں منتخب کیا تو کپتان مصباح الحق ٹیم کوچ مکی آرتھر کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کے پاس لےکر آئے اور کہا کہ عباس کی رفتار کم ہے، جس پر انضام الحق نےکہا کہ محمد عباس نے ڈومیسٹک میں شاندار پرفارمنس پیش کی ہے، آپ کو انہیں ویسٹ انڈیز لے جانا پڑےگا۔
پاکستان کے لیے 1980 سے 1993 تک 34 ٹیسٹ اور 70 ون ڈے کھیلنے والے توصیف احمد نے بتایا کہ اس مرحلے پر پوری سلیکشن کمیٹی جس میں وہ خود، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر شامل تھے، انہوں نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ مشاورت کرکے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ محمد عباس کو 2107 کے دورہ ویسٹ انڈیز پر جانا چاہیے۔