02 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی میں دہشت کا راج برقرار ہے اور آج بھی 12 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے گئے۔ سخی حسن میں گھر میں گھسنے والے 2 ڈاکو اہل خانہ کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، ایک خاتون ڈاکووٴں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئیں۔ کراچی میں آج صبح سے ہی فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں اچانک تیزی آگئی۔ قائد آباد اور لسبیلہ سے 2 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں ، مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔ الفلاح تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے دودھ کی دکان پر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ماڑی پور روڈ پر 3نوجوانوں کی ہاتھ پاوٴں بندھی لاشیں ملیں جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ اورنگی ٹاوٴن کے علاقے صابری چوک پر نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار 3 افراد کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کی زد میں آکر 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص کی جان گئی، شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے مدرسے کا معلم جاں بحق ہوگیا۔ گلشن اقبال میں ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ ایس ایس پی آصف اعجاز شیخ کے مطا بق منگھو پیر کے علاقے میں گھر میں گھسنے والے 2ڈاکو اہل خانہ کی فائرنگ سے مارے گئے،جبکہ خاتون خانہ بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئیں،جو اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔